محکمہ زراعت توسیع کی کاشتکاروں کو پانی کی کمی پر قابو پانے کیلئے زرعی سفارشات پر عمل پیرا ہونے کی ہدایت

محکمہ زراعت توسیع نے کاشتکاروں کو ربیع سیزن میں پانی کی کمی پر قابو پانے کیلئے زرعی سفارشات پر عمل پیرا ہونے کا مشورہ دیا ہے ۔محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ کاشتکار گندم کی کاشت بروقت مکمل اور مقررہ شرح بیج فی ایکڑ استعمال کریں تاکہ نمی کے باوجود پورااُگائو حاصل ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ فصل کی کاشت کیلئے زمین کی ہمواری بذریعہ لیزر ٹیکنالوجی کریں تاکہ پانی کی بچت ہو اور دھان کے علاقوں میں گندم کاشت کرنے کیلئے زیروٹیلج ڈرل کا استعمال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کپاس کے علاقوں میں کھڑی کپاس میں گندم کاشت کریں اور گندم کی فصل ڈرل کے ذریعے لائنوں میں کاشت کرنے کو ترجیح دیں جبکہ چھٹہ کاشت کی صورت میں کھیت میں کھیلیاں بنائی جائیں تاکہ کم وقت میں زیادہ رقبہ سیراب ہو۔

گندم کی فصل کو صرف نازک مراحل میں ہی سیراب کیا جائے اگر تین پانی دستیاب ہوں تو پہلا پانی جھاڑبناتے وقت(20 سے 25دن بعد از کاشت)،دوسرا پانی گوبھ کی حالت میں یعنی کاشت کے 80سے 90دن بعد اورتیسرا پانی دودھیاہونے پر 125سے 130دن بعداز کاشت لگایا جائے۔
انہوںنے کہا کہ جڑی بوٹیوں کے کنٹرول پر مکمل توجہ دیں، نائٹروجن،فاسفورس اورپوٹاش والی کھادوں کا تناسب/متوازن استعمال یقینی بنائیں۔زیادہ پانی استعمال کرنے والی فصلوں کو کم سے کم رقبہ پر کاشت کیا جائے۔خشک چارہ جات کو زیادہ سے زیادہ سٹور کیاجائے تاکہ خشک سالی کے دوران تازہ چارہ دستیاب نہ ہونے کی صورت میں متبادل بندوبست ہو۔انہوںنے کہا کہ باغات/سبزیوں کو ڈرپ /سپرنکلر کے ذریعے آبپاشی کرکے پانی کی بچت کریں اوربارش کے پانی کو تالابوں میں ذخیرہ کیاجائے تاکہ ربیع کی فصلوںکو نازک مراحل پر آبپاشی یقینی بنائی جاسکے۔

جواب دیجئے