کاشتکار آلو کی موسم خزاں کی فصل کی رواں ماہ کے آخرسے برداشت شروع کرسکتے ہیں ، ماہرین زراعت

ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو آلو کی موسم خزاں کی فصل دسمبر کے آخرسے جنوری کے آخرتک برداشت کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اگرچہ فصل کی برداشت کا وقت بڑی حد تک فصل کے پکنے پر منحصر ہے تاہم دسمبر کے آخر سے جنوری کے آخر تک آلوکی موسم خزاں کی فصل پک کر تیار ہو جاتی ہے اس لئے کاشتکارماہرین زراعت کی مشاورت سے مذکورہ ایام میں آلوکی برداشت کا عمل شروع کر سکتے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ کاشتکاروں کو آلو کی فصل کی برداشت سے کم از کم 2ہفتے قبل آبپاشی روک دینی چاہیے اور دوران برداشت اس امر کا بھی خیال رکھنا چاہیے کہ برداشت کے موقع پر آلو زخمی نہ ہو کیونکہ اس طرح جہاں سرد خانوں میں رکھے گئے آلو جلد خراب ہو جاتے ہیں وہیں منڈی میں بھی ان کی بہت کم قیمت حاصل ہو تی ہے۔

انہوںنے کہاکہ اگر آلو کو دوسے تین دن تک سایہ میں رکھا جائے تو ان کا چھلکا سخت ہوجائے گا اس طرح گریڈنگ اور بوریوں میں بھرائی کے دوران آلو کے چھلکے نہیں اتریں گے اورآلو خراب ہونے سے محفوظ رہے گا۔

انہوںنے مزیدکہا کہ سرد خانوں میں بھیجنے والے آلوئوں کو صاف ستھرے کھلے سراخوں والی بوریوں میں رکھنا چاہیے تاکہ وہ کسی بیماری کے حملے سے خراب نہ ہوں ۔انہوںنے کہا کہ کاشتکار آلو کی بھرائی کے لیے آٹے والی بوریاں ہرگز استعمال نہ کریں کیونکہ ان میں آلو خراب ہونے کا خدشہ ہوتاہے۔انہوںنے کہا کہ اس ضمن میں کسی بھی قسم کی معلومات ، مشاورت یا رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف یا فری ہیلپ لائن سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔

جواب دیجئے