300 روپے کے نسخے سے کپاس کی پھل گڈی گرنے سے بچائیں

کپاس کے کاشتکاروں کو عام طور پر یہ مسئلہ پیش آتا ہے کہ ابتدائی پھل گڈی
ٹینڈوں میں تبدیل ہونے کی بجائے گرنے لگتی ہے اور کئی طرح کی کھادیں ڈالنے سے بھی یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا۔

پھل گڈی کو گرنے سے روکنے کے لئے سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان نے کاشتکاروں کو ایک نسخہ بتایا ہے جسے رفاہ عام کے لئے نیچے درج کیا جا رہا ہے۔

میگنیشیم سلفیٹ 500 گرام، زنک سلفیٹ 300 گرام، بورک ایسڈ 300 گرام، فیرس سلفیٹ 200 گرام اور یوریا کھاد 2 کلوگرام فی ایکڑ 100 لیٹر پانی میں حل کر کے کپاس پر سپرے کریں۔

یقینی نتائج حاصل کرنے کے لئے 15 دن کے وقفے سے ایک مرتبہ پھر سپرے کر دیں۔

اب اگلی بات یہ ہے کہ نسخے میں درج کئے گئے سارے کیمیکل کہاں سے ملیں گے اور ان کی قیمت کیا ہو گی؟

یہ تمام کیمیکل آپ کو کسی بھی شہر میں موجود سائنس سٹور سے مل جائیں گے۔ سائنس سٹور اکثر شہروں میں پائے جاتے ہیں جہاں سکولوں میں موجود سائنس لیبارٹریوں کا سامان اور ان لیبارٹریوں میں استعمال ہونے والے کیمیکل فروخت کئے جاتے ہیں۔

اگر فیصل آباد کی بات کریں تو جناح کالونی میں سائنس سٹورز کی ایک مارکیٹ موجود ہے جہاں سے ہر طرح کے کیمیکل آپ تھوک و پرچون خرید سکتے ہیں۔ آپ کے شہر میں یہ سائنس سٹور کہاں واقع ہے؟ ظاہر ہے آپ کو ایک دفعہ کسی متعلقہ آدمی سے پوچھنا پڑے گا۔

اب اگلی بات یہ ہے کہ اوپر درج کئے گئے کیمیکل کی قیمتیں کیا ہیں؟ اور ایک ایکڑ پر سپرے کرنے کے لئے کل کتنا خرچ آئے گا؟

فیصل آباد کی جناح مارکیٹ میں واقع ایک معروف سائنس سٹور کے مطابق، کیمیکل کی قیمتیں درج کی جا رہی ہیں۔

اس کا مطلب ہے کہ 277 روپے میں آپ ایک ایکڑ ایک مرتبہ سپرے کر سکتے ہیں۔

لیکن اگرآپ الگ الگ کیمیکل خریدنے والا یہ سارا جھنجھٹ نہ کر سکیں تو اس کا بھی ایک حل ہے۔

مارکیٹ میں کئی کمپنیاں مختلف ناموں سے فصلوں کے ٹانک وغیرہ بیچ رہی ہیں۔ آپ کوئی بھی ایسا ٹانک جس میں اوپر درج کئے گئے تمام اجزاء موجود ہوں، خرید کر سپرے کر سکتے ہیں۔

مارکیٹ میں بکنے والے مختلف فصلوں کے ٹانک، تھوڑی سی فہم حاصل کر کے آپ اپنے لئے خود بھی تیار کر سکتے ہیں۔

یہ ٹانک کیسے تیار کئے جا سکتے ہیں؟ اس پر آئندہ کبھی بات ہو گی۔

تحریر

ڈاکٹر شوکت علی
ماہر توسیع زراعت، فیصل آباد

بشکریہ۔ سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان

جواب دیجئے