بھارت میں ایک کاشتکار کے باغ میں دو دو کلو کے امرود

ہندوستان کے صوبے ہریانہ میں ایک ترقی پسند کاشتکار نے دلچسپ تجربہ کیا ہے۔ اس نے تین ایکڑ رقبے پر امرود کا باغ لگا رکھا ہے اور اس کے باغ کا ہر امرود ایک کلو سے زیادہ وزن کا ہوتا ہے۔ کاشتکار نے اپنے باغ سے زیادہ سے زیادہ دو کلو کا امرود حاصل کیا ہے۔ وہ اتنے بڑے بڑے امرود کیسے حاصل کررہا ہے آئیے آپ کو اس کی تفصیل بتاتے ہیں۔

سب سے پہلے وہ امرود کے پودے کی ایک ٹہنی کے اوپر زیادہ سے زیادہ دو پھل چھوڑ کر باقی سارے پھل اتار دیتا ہے۔ البتہ اگر اس نے دو کلو کا امرود حاصل کرنا ہو تو پھر وہ ایک ٹہنی پر ایک ہی پھل رہنے دیتا ہے۔

ب پھل لیموں کے سائز کے برابر ہوتا ہے تو وہ اس کے اوپر ایک جالی سی چڑھا دیتا ہے۔ اگر آپ غور سے دیکھیں تو یہ وہی جالی ہے جو کہیں کہیں بازار میں بکنے والے پھلوں پر بھی چڑھی ہوئی نظر آتی ہے. جالی چڑھانے سے پھل زخمی بھی نہیں ہوتا اور کیڑے مکوڑوں کے حملے سے بھی محفوظ رہتا ہے. اس جالی کے اوپر وہ شاپر کی بنی ہوئی ایک خاص قسم کی اینٹی فوکنگ تھیلی چڑھا دیتا ہے۔ یہ تھیلی اپنے اندر پانی اور نمی وغیرہ کو جمع نہیں ہونے دیتی اور نشوونما کے لئے پھل کو مناسب ماحول مہیا کرتی ہے۔ آخر میں وہ پھل کو اخبار کی مدد سے لپیٹ دیتا ہے۔ کاشتکار بتاتا ہے کہ اخبار لپیٹنے سے پھل کی رنگت ایک جیسی رہتی ہے اور اس کی خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے.

لیموں کے سائز کا امرود ایک کلو سے زیادہ وزن کا ہونے میں تقریبا چار مہینے لیتا ہے۔ جب پھل تیار ہو جاتا ہے تو اسے ٹہنی سے الگ کرکے خوبصورت ڈبوں میں پیک کر دیا جاتا ہے. کاشتکار ان سپیشل امرودوں کو منڈی میں نہیں لے جاتا بلکہ انٹر نیٹ پر ہی فروخت کے لئے پیش کر تا ہے۔
اگر آپ کے ہاں بھی امرود کا باغ لگا ہوا ہے تو آپ بھی بڑے سائز کا امرود حاصل کرنے کے لئے اسی طرح کی کوشش کر سکتے ہیں۔

تحریر
ڈاکٹر شوکت علی
ماہر توسیع زراعت فیصل آباد

اظہار تشکر
توجہ دلانے پر راقم، ماہر زراعت جناب محمد اقبال کا شکر گزار ہے.

جواب دیجئے